تحریر: مولانا سید کرامت حسین شعور جعفری
حوزہ نیوز ایجنسی| دنیا کی سیاست میں ایک عجیب تماشا ہے۔ جو ملک اپنی سرزمین، خودمختاری اور آزادی کے دفاع کے لیے کھڑا ہوتا ہے، اسے خطرے کا محور قرار دیا جاتا ہے؛ اور جو طاقت ہزاروں میل دور جا کر دوسرے ممالک کے سیاسی نظام کو بدلتی ہے، وہ خود کو امن، جمہوریت اور انسانی حقوق کا محافظ کہتی ہے۔
ایران اور امریکہ کی تاریخ کا تقابلی جائزہ اسی دوہرے معیار کو بے نقاب کرتا ہے۔
ایران نے گزشتہ کئی دہائیوں میں اپنی خودمختاری، علاقائی سلامتی اور امریکی بالادستی کے خلاف مزاحمت کو اپنی خارجہ پالیسی کا بنیادی حصہ بنایا ہے۔ ایران کی تاریخ میں ماضی کی بعض جنگی مہمات ضرور ملتی ہیں، لیکن جدید ایران نے امریکہ کی طرح دنیا بھر میں مسلسل فوجی مداخلتوں اور حکومتوں کے تختے الٹنے کی عالمی مہم نہیں چلائی۔
اس کے برعکس امریکہ کی تاریخ میں دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت، منتخب حکومتوں کا خاتمہ اور فوجی حملے نمایاں طور پر موجود ہیں۔ 1953ء میں ایران کے وزیراعظم محمد مصدق کی حکومت کا تختہ الٹنے میں امریکی خفیہ ادارے کا کردار، 1954ء میں گوئٹے مالا کی حکومت کی تبدیلی اور 2003ء میں عراق پر حملہ اس کی واضح مثالیں ہیں۔ محققہ لنڈسے او رورک نے اپنی کتاب Covert Regime Change میں امریکی حکومت کی خفیہ تبدیلیِ حکومت کی درجنوں کارروائیوں کا تاریخی جائزہ پیش کیا ہے۔
یہ کیسی عالمی عدالت ہے جہاں امریکہ کی جارحیت کو قومی سلامتی اور ایران کی مزاحمت کو دہشت گردی کہا جاتا ہے؟ جہاں طاقتور کی جنگ دفاع اور کمزور کی مزاحمت خطرہ بن جاتی ہے؟
امریکہ کی جانب سے ایران کی حکومت کا تختہ الٹنے کی تاریخی کوشش، اس کے خلاف طویل پابندیاں اور فوجی دباؤ اس بات کی دلیل ہیں کہ ایران اور امریکہ کی کشیدگی محض ایران کے جوہری پروگرام یا میزائلوں کا نتیجہ نہیں، بلکہ اس کے پیچھے خودمختاری اور عالمی بالادستی کی کشمکش بھی ہے۔
امریکی خارجہ پالیسی کے ناقدین اسے ریاستی دہشت گردی کا ایک منظم نمونہ قرار دیتے ہیں، کیونکہ اس کے ذریعے مختلف ممالک میں حکومتوں کو تبدیل کیا گیا، شہری آبادیوں کو جنگوں کی قیمت چکانی پڑی اور عالمی قوانین کو طاقت کے تابع بنایا گیا۔
پاکستان کا وہ فرقہ پرست اور تکفیری طبقہ جو امریکہ اور اسرائیل کی کھلی جارحیت کے باوجود اس بحران کا ذمہ دار ایران کو ٹھہراتا ہے، دراصل اپنی فکری غلامی، اخلاقی دیوالیہ پن اور سامراجی مرعوبیت کا بدترین مظاہرہ کر رہا ہے۔ ان کے نزدیک امریکہ و اسرائیل کی بمباری بھی جائز، ان کی دہشت گردی بھی دفاع، اور ایران کی مزاحمت بھی جرم ہے۔ یہ انصاف نہیں، کھلی منافقت ہے؛ یہ غیر جانب داری نہیں، ظالم کی صف میں کھڑے ہونے کا اعلان ہے۔
افسوس ان ذہنوں پر جو فرقہ وارانہ نفرت میں اس قدر اندھے ہو چکے ہیں کہ اپنے مسلکی مخالف کے خلاف سامراجی جارحیت کو بھی خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کا تعصب انہیں یہ دیکھنے نہیں دیتا کہ حملہ آور کون ہے اور اپنی سرزمین کا دفاع کرنے والا کون۔ امریکہ و اسرائیل کی طاقت کے سامنے جھک کر مظلوم کے خلاف زبان کھولنا کوئی دینی غیرت نہیں، بلکہ ضمیر فروشی اور فکری غلامی کی انتہا ہے۔
جو لوگ سامراجی بمباری کو جائز اور مظلوم کی مزاحمت کو دہشت گردی کہتے ہیں، وہ استعماری ایجنٹ اور ظلم کے پروپیگنڈے کے آلۂ کار ہیں۔ تاریخ ایسے کرداروں کو عزت نہیں دیتی؛ انہیں ہمیشہ ظلم کے ساتھیوں کے طور پر یاد رکھتی ہے۔
ایران کے خلاف ہونے والی ناجائز جارحیت پر ہر صاحبِ ضمیر انسان کو احتجاج کرنا چاہیے۔ خاموشی اگر ظلم کے سامنے اختیار کی جائے تو وہ غیر جانب داری نہیں، بلکہ ظالم کے لیے سہولت کاری ہے۔ امریکہ کی عالمی مداخلتوں، حکومتوں کے تختے الٹنے اور دوہرے معیار کے خلاف آواز اٹھانا کوئی ایران پرستی نہیں، بلکہ عدل، خودمختاری اور انسانی وقار کے دفاع کا اصولی فریضہ ہے۔ جو لوگ امریکہ کی طاقت سے مرعوب ہو کر اس کی جارحیت پر خاموش ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ تاریخ میں طاقتور کے سامنے سر جھکانے والوں کو کبھی حق کا علمبردار نہیں کہا گیا۔
اور ایران کو خطرہ قرار دینے سے پہلے امریکہ کی تاریخِ جارحیت کا مطالعہ ضروری ہے۔ امن کا دعویٰ کرنے والی طاقت کو بھی اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا۔ دنیا کو ایسے عالمی نظام کی ضرورت ہے جہاں طاقتور کی جارحیت بھی جرم ہو اور کمزور کی خودمختاری بھی قابلِ احترام۔










آپ کا تبصرہ